Search Suggest

عمران خان سخت سیکیورٹی میں اڈیالہ جیل سے شفا اسپتال منتقل

 عمران خان سخت سیکیورٹی میں اڈیالہ جیل سے شفا اسپتال منتقل

عمران خان کے ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل اور بہن ڈاکٹر عظمیٰ بھی ہمراہ ہیں، سیکیورٹی کے سخت انتظامات



اسلام آباد: سپریم کورٹ کے حکم پر بانی پی ٹی آئی کو سخت سیکیورٹی میں اڈیالہ جیل سے شفا انٹرنیشنل اسپتال قافلے کی صورت میں روانہ کیا گیا، عمران خان کے ہمراہ ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل اور بہن ڈاکٹر عظمی بھی تھیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق شفا انٹرنیشنل اسپتال میں سیکیورٹی انتظامات کے لیے آئی جی اسلام آباد شفا انٹرنیشنل اسپتال پہنچے، شفا اسپتال کے باہر سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی اور سیکیورٹی انتظامات کیے گئے۔

شفا انٹرنیشنل اسپتال کی لائٹس بند کر دی گئی ہیں اور اسپتال کے عملے کو بھی باہر آنے سے روک دیا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق اسلام آباد ٹریفک پولیس کے اہلکار بھی اسپتال پہنچے، شفا انٹرنیشنل کے باہر سیکورٹی کلیرنس شروع کی اور روڈ پر کھڑی گاڑیوں کو لفٹر نے فٹ پاتھ پر رکھ دیا۔

آئی جی کے ساتھ ڈی آئی جی سی ٹی او سمیت دیگر پولیس افسران موجود رہے، شفا انٹرنیشنل اسپتال کے ساتھ ملحقہ روڈ کو بند کردیا گیا۔

اسپتال میں داخل کرنے کا فیصلہ 6 رکنی ڈاکٹروں کی ٹیم معائنے کے بعد کیا

ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کا شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقلی پر پہلے طبی معائنہ کیا گیا، ڈاکٹروں کی 6 رکنی ٹیم نے طبی معائنہ کیا اور رپورٹس کا جائزہ لیا۔


عمران خان کے ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل اور بہن ڈاکٹر عظمیٰ بھی اس موقع پر اڈیالہ جیل کے اندر موجود تھے۔



اڈیالہ جیل کے اطراف سیکیورٹی سخت

عمران خان کو اسپتال منتقل کرنے سے قبل اڈیالہ کے اردگرد سیکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے، پولیس نے اطراف کی تمام دکانیں جبکہ اندھیرے کیلیے اردگرد لگی لائٹس بھی بند کرادیں۔

اس کے علاوہ اسلام آباد پولیس اسکواڈ کی دو گاڑیاں اڈیالہ جیل پہنچ گئیں۔

محکمہ جیل خانہ جات کو شفا اسپتال کو سب جیل قرار دینے کے احکامات نہیں ملے

جیل ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کے علاج و میڈیکل سہولیات کے لیے شفا انٹرنیشنل اسپتال کے مقررہ حصے کو سب جیل قرار دینے کے لیے محکمہ جیل خانہ جات کو احکامات موصول نہیں ہوئے۔

جیل ذرائع کے مطابق کسی بلڈنگ کو سب جیل قرار دینے و عملہ تعینات کرنے کے لیے ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے احکامات ضروری ہیں، ابھی تک محکمہ جیل خانہ جات پنجاب کو ایسے کسی قسم کے احکامات نہیں ملے نہ ہی اس کا علم ہے۔

Post a Comment

">
">